آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کا 25 مئی کو اسکولز بند رکھنے کا اعلان

262

بورڈز امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، پرائیویٹ اسکولز میں ریگولر کلاسز 26 مئی کو شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی— فوٹو: فائل

یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر  آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے  25مئی کو اسکولز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

صدرآل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کاشف مرزا کے مطابق بورڈز امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، پرائیویٹ اسکولز میں ریگولر کلاسز 26 مئی کو شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔

کاشف مرزا نے بتایا کہ ملک بھرمیں موسم گرما کی تعطیلات 15جون تا 14 اگست ہوں گی، موسم گرماکی تعطیلات کے بعد ملک بھر میں پرائیویٹ اسکول 15 اگست کوکھلیں گے، سندھ میں موسم گرماکی تعطیلات یکم جون تا 31جولائی ہوں گی۔

خیال رہے کہ شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت 25 مئی کو’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘ منایا جائے گا۔

اس دن منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے اور قوم کو یہ پیغام بھی دینا ہےکہ شہداء، اُن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہرپاکستانی کا فخرہے۔

اس روز ملک بھر میں شہداء کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا جب کہ افواجِ پاکستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یادگارِ شہداء پر سلامی دی جائے گی۔

اس کے علاوہ جی ایچ کیو، ائیر اور نیول ہیڈکوارٹرز اور دیگر متعدد یادگار شہداء پر تقریبات ہوں گی جب کہ صوبائی دارالخلافہ، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداء پربھی تقریبات ہوں گی۔

Supply hyperlink