حکومت کی ترجیحات ملاحظہ کیجیے چیئرمین پی سی بی پر کھینچا تانی چل رہی ہے، شاہ محمود

258

بجٹ آئی ایم ایف فریم ورک سے مطابقت نہیں رکھتا، اسحاق ڈار نے اس بجٹ سے آئی ایم ایف کے ساتھ اعتماد کے فقدان کو مزید بڑھایا ہے: رہنما پی ٹی آئی— فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ اس وقت چیئرمین نادرا اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی تعیناتی پر محاذ آرائی کی کیفیت میں ہیں۔

 تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی پر کھینچا تانی چل رہی ہے، آپ حکومت کی ترجیحات ملاحظہ کیجیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ مالی سال کے بجٹ سے ہر کوئی پریشان دکھائی دے رہا ہے، یہ الیکشن بجٹ ہے جو صرف الیکشن کو سامنے رکھتے ہوئے بنایا گیا،  یہ بجٹ جوں کا توں نہیں رہے گا اور کم از کم تین مرتبہ تبدیل ہو گا، صرف 2 ماہ کی حکومت نے 12 ماہ کا بجٹ دے دیا، انتخابات کے بعد آنے والی حکومت کو آئی ایم ایف سے دوبارہ بات چیت کرنا ہوگی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ آئی ایم ایف فریم ورک سے مطابقت نہیں رکھتا، اسحاق ڈار نے اس بجٹ سے آئی ایم ایف کے ساتھ اعتماد کے فقدان کو مزید بڑھایا ہے، تاریخ  اسحاق ڈار کو پاکستان کے معاشی ہٹ مین کے نام سے پکارے گی۔

خیال رہے کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹرریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین طارق ملک نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں چیئرمین نادرا نے استعفیٰ پیش کیا۔

ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم نے چیئرمین نادرا کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے اور کابینہ ڈویژن کو طارق ملک کے استعفے کا نوٹیفکیشن جاری کرنےکی ہدایت بھی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ طارق ملک کے استعفے کا نوٹیفکیشن جاری کرکے متعلقہ وزارتوں کو بھجوایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق ملک کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے چیئرمین نادرا کے بیرون ملک جانے پر عارضی پابندی عائد کی ہے۔

Supply hyperlink