ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست کے بعد کوہلی کی انسٹاگرام اسٹوری وائرل

266

فوٹو: ٹوئٹر

آسٹریلیا کے ہاتھوں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست کے بعد بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی انسٹاگرام اسٹوری وائرل ہوگئی۔ 

اتوار کو آسٹریلیا آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو 209 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ کا ورلڈ چیمپئن بن گیا۔

لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے آخری روز بھارتی ٹیم 444 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 234 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں ویرات کوہلی 49 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ اجنکیا رہانے نے 46 اور روہت شرما نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے دوسری اننگز میں چار شکار کیے جبکہ اسکاٹ بولینڈ نے three وکٹیں حاصل کیں، مچل اسٹارک نے دو اور پیٹ کمنز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ناقص کارکردگی پر جہاں بھارتی شائقین نے اپنی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں سابق بھارتی کرکٹرز نے بھی انڈین ٹیم کے کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کےسابق ہیڈ کوچ روی شاستری روی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انڈین کھلاڑیوں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ فرنچائز کرکٹ (آئی پی ایل) کھیلنی ہے یا ملک کے لیے کھیلنا ہے، تمام پلیئرز کو اپنی ترجیحات بتانی چاہییں کہ ان کی ترجیحات کیا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑی فرنچائز کرکٹ کو ترجیح دیتے ہیں تو ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ بھول جائیں، بی سی سی آئی کو فرنچائز کرکٹ کےمعاملے پر سامنے آنا ہوگا، بھارتی بورڈ کو کنٹریکٹ میں شق ڈالنی چاہیے کہ وہ کسی وقت بھی کھلاڑیوں کو فرنچائز کرکٹ سے روک سکیں۔

کینگروز کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کی کاکردگی پر تنقید کرنے والوں کو بظاہر ویرات کوہلی نے اپنی انسٹا اسٹوری سے جواب دیا ہے۔

فوٹو: ویرات کوہلی انسٹاگرام اسکرین شاٹ
فوٹو: ویرات کوہلی انسٹاگرام اسکرین شاٹ

ویرات کوہلی نے انسٹاگرام اسٹوری اپلوڈ کی جس میں ایک قول شیئر کیا کہ ‘خاموشی طاقت کا بہترین ذریعہ ہے’۔

واضح رہے کہ کوہلی پر شائقین کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے کہ وہ آئی سی سی ناک آؤٹ میچز میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بھارت بڑے ٹورنامنٹس کے اہم میچز میں شکست سے دوچار ہوتا ہے۔

Supply hyperlink