ٹیکساس کے شاپنگ مال میں فائرنگ سے نو افراد زخمی، کئی ہلاکتوں کا خدشہ

312

واقعہ میں کئی افراد کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم ابھی ان کی تعداد کی حتمی تصدیق نہیں کی گئی: غیر ملکی میڈیا— فوٹو: فائل

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر الین کے شاپنگ مال میں فائرنگ کے واقعے میں 9 افراد زخمی جبکہ کئی ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیلس کے نواحی شہر میں پیش آئے اس واقعہ میں کئی افراد کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم ابھی ہلاکتوں کی تعداد کی حتمی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جائے واقعہ پر تین لاشیں پڑی ہوئی دیکھی ہیں، ان کے مطابق حملہ آور سیاہ کپڑوں میں ملبوس تھا اور مختلف اقسام کی اشیا سے لیس تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں پانچ برس کا بچہ بھی شامل ہے، مشتبہ حملہ آور کی گاڑی کی شناخت کرلی گئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ شاپنگ مال میں فائرنگ کی آواز سنتے ہی قریب موجود پولیس اہلکار مال میں پہنچا اور حملہ آور کو گولی ماردی تاہم حملے کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔

ابتدائی طورپر کہا گیا تھا کہ حملہ آور کا ممکنہ طورپر ایک اور ساتھی بھی موجود ہے جس کی تلاش جاری ہے تاہم بعد میں تصدیق کی گئی کہ حملہ آور تنہا تھا۔

الین شہر میں پاکستانیوں سمیت جنوبی ایشیائی افراد کی بڑی تعداد آباد ہے تاہم ہلاک اور زخمی افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

Supply hyperlink